تجوید و قراءت کا پیغام خدام قرآن کے نام ( جلد اول )
تجوید و قراءت کا پیغام خدام قرآن کے نام ( جلد اول )
مصنف : قاری محمد صدیق
صفحات: 274
قرآن کریم الفاظ ومعانی دونوں کے مجموعہ کا نام ہے ، زمانۂ نبوت سے تا حال علماء امت نے جس طرح قرآن کے معانی ومطالب کو اپنی محنت کا میدان بنایا اسی طرح الفاظ قرآن، طرز اداء اور وقف وسکون کوبھی اپنی توجہ کا مرکز بنایا جس کو ہم فن تجوید وقراءات سےتعبیر کرتے ہیں ۔تلاوت ِقرآن کا بھر پور اجروثواب اس امر پرموقوف ہے کہ تلاوت پورے قواعد وضوابط اور اصول وآداب کے ساتھ کی جائے قرآن کریم کی تلاوت کا صحیح طریقہ جاننا اورسیکھنا علم ِتجوید کہلاتا ہے ہرمسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمِ تجوید کے بنیادی قواعد سے آگاہی حاصل کرے ۔ کیونکہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم الشان کتاب ہے کہ ہر مسلمان پراس کتاب کو صحیح پڑھنا لازمی اور ضروری ہے جس کاحکم ورتل القرآن ترتیلا سے واضح ہوتا ہے۔ اس قرآنی حکم کی تکمیل اور فن تجویدکوطالب تجوید کےلیے آسان اورعام فہم بناکر پیش کرناایک استاد کے منصب کا اہم فریضہ ہے ۔ایک اچھا استاد جہاں اداء الحروف کی طرف توجہ دیتا ہے ۔ وہیں وہ اپنے طالب علم کو کتاب کےذریعے بھی مسائل تجوید ازبر کراتا ہے۔علم تجوید قرآنی علوم کے بنیادی علوم میں سے ایک ہے ۔ اس علم کی تدوین کا آغاز دوسری صدی کے نصف سے ہوا۔ائمۂ حدیث وفقہ کی طرح تجوید وقراءات کے ائمہ کی بھی ایک طویل فہرست ہے اور تجوید وقراءات کے موضوع پرماہرین تجوید وقراءات کی بے شمار کتب موجود ہیں ۔ جن سے استفادہ کرنا اردو دان طبقہ کے لئے اب نہایت سہل اور آسان ہو گیا ہے ۔ عرب قراء کی طرح برصغیر پاک وہند کے علماء کرام اور قراءعظام نے بھی علم تجوید قراءات کی اشاعت وترویج کےلیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔پاکستان میں دیوبندی قراء کرام کےعلاوہ سلفی قراء عظام جناب قاری یحییٰ رسولنگری، قاری محمداریس العاصم ،قای محمد ابراہیم میرمحمدی حفظہم اللہ اور ان کےشاگردوں کی تجوید قراءات کی نشرواشاعت میں خدمات قابل تحسین ہیں ۔مذکورہ قراء کی تجوید وقراءات کی کتب کے علاوہ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے کلیۃ القرآن ومجلس التحقیق الاسلامی ،لاہور کے زیر نگرانی شائع ہونے والے علمی مجلہ ’’ رشد ‘‘کےعلم ِتجویدو قراءات کے موضوع پر تین ضخیم جلدوں پر مشتمل قراءات نمبر اپنے موضوع میں انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتے ہیں ۔جس میں مشہور قراء کرام کے تحریر شدہ مضامین ، علمی مقالات اور حجیت قراءات پر پاک وہند کے کئی جیدمفتیان کرام کے فتاوی ٰ جات بھی شامل ہیں اور اس میں قراءات کو عجمی فتنہ قرار دینے والوں کی بھی خوب خبر لیتے ہوئے ان کے اعتراضات کے مسکت جوابات دیئے گئے ہیں۔ زیر نظرکتاب ’’تجوید وقراءات کا پیغام خدامِ قرآن کے نام جلد اول ‘‘ ہند وستان کے مایہ ناز شیخ القراء قاری المقری محمد صدیق ﷾کے تجوید وقراءات کے موضوع پر پیش کیے گئےدروس کی کتابی صورت ہے ۔ قاری صاحب کےشاگرد رشید مولوی رضوان سلمہ نے قاری صدیق صاحب کے بیانات کو کیسٹوں سے تحریرمیں منتقل کیا ہے اور قاری محمد ہارون صاحب نے اسے کتابی صورت میں مرتب کیا ہے ۔قاری صدیق صاحب نے اس میں فن کے پیچیدہ مسائل کاحل ، مصاحف عثمانیہ کے بارے میں امت کا نظریہ اوراس کے تشفی بخش اور قابل اطمینان جوابات، مدارس کو رجال کا ر کی فراہمی کے لیے نئے طرز عمل اور نئے جدوجہد کی طرف توجہ ، فن کے اصول وفروش پر مشتمل کتب کی طرف رجوع کی ضرورت ، اسی طرح مساجد کےلیے ائمہ وخطباء ومؤذنین تیار کرنے کی طرف ترغیب دلائی ہے۔نیز فن اور صحت کےلیے مضر اور منافی اشیاء سے اجتناب اور فن کے لیے مفید اور نافع چیزوں کے اختیار کی طرف توجہ دلائی ہے بلکہ قاری صاحب نے امت میں فن کے بارے میں موجود کمزوریوں اور بیماریوں کی تشخیض اوراس کے علاج کو بھی تجویز فرمادیا ہے جو شائقینِ فن کےلیے تسکین کا باعث ہونے کے ساتھ فن میں ترقی کے خواہاں لوگوں کےلیے راہ نما اور سنگ میل کا کام دیتا ہے ۔اللہ تعالیٰ قاری صاحب کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔ (آمین)ادارے کو یہ کتاب وسنت سائٹ پر پبلش کرنے کے لیے پی ڈی ایف فارمیٹ میں ملی ہے ۔
عناوین | صفحہ نمبر |
عرض مرتب | 5 |
تقریظ: حضرت اقدس مولانا عبد اللہ صاحب کا پودروی | 12 |
دعائیہ کلمات: حضرت اقدس مفتی احمد صاحب خانپوری | 14 |
تقریظ: قاری عبد الستار صاحب اسلامپوری | 16 |
تائیدی کلمات: مولانا یٰسین صاحب کا کوسی | 20 |
سرکار دو عالمﷺ کی کیفیت تلاوت | 23 |
حصول علم میں تنافس کا جذبہ | 39 |
قرآن کریم کا نزول اور اس کی حفاظت | 57 |
کتاب اللہ کے وارثین | 79 |
مدارس دینیہ کا فنی کار نامہ | 93 |
فن کی ترقی واشاعت کے لیے غورو فکر | 105 |
علوم دینیہ کا با برکت لیکن مظلوم شعبہ | 125 |
درس خلاصۃ البیان اور فن قراءت کی طرف اعتناء | 137 |
قراءت سبعہ کا افتتاح ایک عظیم سنت کا احیاء | 155 |
اساتذہ اور طلبہ کا تعلق کیسا ہو | 167 |
قرآن کریم کا نزول سات حرفوں میں | 175 |
قرآن کریم کی تلاوت ترتیل کے ساتھ | 191 |
روز قیامت نعمتوں کے بارے میں سوال | 205 |
کتاب اللہ کی تلاوت پر رحمت کا نزول | 217 |
قرآن کریم کا نزول اور اس کی حفاظت | 229 |
لحن داؤدی بہت بڑی نعمت | 241 |
قرآن کریم آسان ہے یاد کرنے والوں کے لیے | 249 |
قڑآن کریم کی تلاوت روز قیامت شفاعت کا باعث | 257 |
قیمتی نصائح | 264 |
مسابقہ کے لیے کچھ ضروری ہدایات | 268 |