سود حرمت خباثتیں اشکالات
سود حرمت خباثتیں اشکالات
مصنف : حافظ انجینئر نوید احمد
صفحات: 52
سود کو عربی زبان میں ”ربا“کہتے ہیں ،جس کا لغوی معنیٰ زیادہ ہونا ، پروان چڑھنا ، او ر بلندی کی طرف جانا ہے ۔ اور شرعی اصطلاح میں ربا (سود) کی تعریف یہ ہے کہ : ” کسی کو اس شرط کے ساتھ رقم ادھار دینا کہ واپسی کے وقت وہ کچھ رقم زیادہ لے گا “۔سرمایہ دارانہ نظام زندگی کے مختلف شعبوں میں جو بگاڑ پیدا کیا ہے اس کا سب سے بڑا سبب سود ہے ۔ ہماری معاشی زندگی میں سود کچھ اس طرح رچا بسا دیاگیا ہے کہ لوگ اس کو معاشی نظام کا ایک لازمی عنصر سجھنے لگے ہیں اور اس کےبغیر کسی معاشی سرگرمی کو ناممکن سمجھتے ہیں وجہ یہ ہے کہ اب وہ امت مسلمہ جس کو اللہ تعالیٰ نےاپنی کتاب میں سود مٹانے کے لیے مامور کیا تھا جس کو سودخوروں سےاعلان جنگ کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب اپنی ہر معاشی اسکیم میں سود کوبنیاد بناکر سودخوری کےبڑے بڑے ادارے قائم کررکھے ہیں اور سودی نظام کو استحکام بخشا جار ہا ہے ۔جس کے نتیجے میں امت مسلمہ کو معاشی اور اقتصادی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑھ رہا ہے ۔ سودخواہ کسی غریب ونادار سے لیاجائے یا کسی امیر اور سرمایہ دار سے ، یہ ایک ایسی لعنت ہے جس سے نہ صرف معاشی استحصال، مفت خوری ، حرص وطمع، خود غرضی ، شقاوت وسنگدلی، مفاد پرستی ، زر پرستی اور بخل جیسی اخلاقی قباحتیں جنم لیتی ہیں بلکہ معاشی اور اقتصادی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اس لیے دینِ اسلام اسے کسی صورت برداشت نہیں کرتا۔ شریعت ِاسلامیہ نے نہ صرف اسے قطعی حرام قرار دیاہے بلکہ اسے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جنگ قرار دیاہے ۔ زیر تبصرہ کتابچہ ’’ سود حرمت، خباثتیں، اشکلات ‘‘تنظیم اسلامی پاکستان کے مرکزی شعبہ تعلیم وتربیت کے ناظم حافظ انجینیر نوید احمد کی کاوش ہے ۔اس کتابچہ میں فاضل مرتب نے وطن عزیز پاکستان میں انسداد سود کےمعاملہ میں کی جانے والی کوششو ں کی روداد مرتب کی ہے ۔ نیر اس کتابچہ میں حافظ عاکف سعید صاحب کا ایک مضمون بعنوان ’’ تنظیم اسلامی کی انسداد سود کی جدو جہد کی روداد ‘‘ بھی شامل اشاعت ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس کومرتب کرنے والے احباب اور ناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہماری معیشت کو سود جیسی لعنت سے محفوظ فرمائے (آمین)
عناوین | صفحہ نمبر | |
عرض ناشر | 3 | |
عرض مؤلف | 5 | |
پاکستان میں انسداد سود کاوشیں اور حکومتی کردار | 7 | |
ربوا کیا ہے ؟ | 11 | |
حرمت سود آیات قرآنیہ کی روشنی میں | 12 | |
حرمت سود احادیث مبارکہ کی روشنی میں | 15 | |
سود کی خباثتیں | 18 | |
اعتراضات اور جوابات | 29 | |
لائحہ عمل | 41 | |
ضمیمہ | 44 |