قادیانیت کے خلاف قلمی جہاد کی سرگزشت
مصنف : اللہ وسایا
صفحات: 452
اسلامی تعلیم کے مطابق نبوت ورسالت کا سلسلہ حضرت آدم سے شروع ہوا اور سید الانبیاء خاتم المرسلین حضرت محمد ﷺ پر ختم ہوا اس کے بعد جوبھی نبوت کادعویٰ کرے گا وہ دائرۂ اسلام سے خارج ہے نبوت کسبی نہیں وہبی ہے یعنی اللہ تعالیٰ نے جس کو چاہا نبوت ورسالت سے نوازاکوئی شخص چاہے وہ کتنا ہی عبادت گزارمتقی اور پرہیزگار کیوں نہ وہ نبی نہیں بن سکتا ۔قادیانیت کے یوم پیدائش سے لے کر آج تک اسلام اور قادیانیت میں جنگ جار ی ہے یہ جنگ گلیوں ،بازاروں سے لے کر حکومت کے ایوانوں اور عدالت کےکمروں تک لڑی گئی اہل علم نے قادیانیوں کا ہر میدان میں تعاقب کیا تحریر و تقریر ، خطاب وسیاست میں قانون اور عدالت میں غرض کہ ہر میدان میں انہیں شکستِ فاش دی ۔ سب سے پہلے قادیانیوں سے فیصلہ کن قانونی معرکہ آرائی بہاولپور کی سر زمیں میں ہوئی جہاں ڈسٹرکٹ جج بہاولپور نے مقدمہ تنسیخ نکاح میں مسماۃ عائشہ بی بی کانکاح عبد الرزاق قادیانی سے فسخ کردیاکہ ایک مسلمان عورت مرتد کے نکاح میں نہیں رہ سکتی 1926ء سے 1935 تک یہ مقدمہ زیر سماعت رہا جید اکابر علمائے کرام نے عدالت کے سامنے قادیانیوں کے خلاف دلائل کے انبار لگا دیے کہ ان دلائل کی روشنی میں پہلی بار عدالت کے ذریعے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا ۔ پھر اس کے بعد بھی قادیانیوں کے خلاف یہ محاذ جاری رہا بالآخر تحریک ختم نبوت کی کوششوں سے 1974ء کو قومی اسمبلی ، پاکستان نے ایک تاریخی بحث اور ملزموں کو مکمل صفائی کا موقع فراہم کرنے اور ان کے دلائل کما حقہ سننے کےبعد یہ فیصلہ صادر کیا کہ اب سے قادیانی آئین او رملکی قانون کی رو سے بھی غیر مسلم ہیں ۔مرزا قاديانی کے دعوۂ نبوت سے لے کر اب تک اس کے رد ّ میں چھوٹی بڑی بے شمار کتب شائع ہوچکی ہیں جن کا ریکارڈ پاک وہند کی سیکڑوں لائبریریوں میں موجود ہے ۔ بعض اہل علم نے رد قادیانیت کے رد میں لکھی جانے والی کتب کا تعارف یکجا بھی کیا ہے ۔سب سے پہلے مولانا سید محمد علی مونگیری نے ’’ حظاظت ایمان کی کتابیں‘‘ نامی کتاب میں 80 کتابوں کا تعارف پیش کیا بعد میں مولانا اشرف علی تھانوی نے اپنی تصنیف ’’ قائد قادیان‘‘ کی آخری فصل میں 112 کتب رد قادیانیت کی فہرست شائع کی۔مولانا اللہ وسایا صاحب کی زیر نظر کتاب ’’ قادیانیت کے خلاف قلمی جہاد کی سرگزشت ‘‘بھی اسی سلسلے کی تیسری کاوش ہے ۔ مولانااللہ وسایا صاحب نے بڑی محنت سے تقریباً 28 سال قبل 1990ء میں اس کتاب کو مرتب کر کے شائع کیا ۔موصوف نے اس کتاب کو دس ابواب میں تقسیم کیا ہے۔اور ان ابواب میں رد قادیانیت کے متعلق ایک ہزار(1000) کتابوں کاتعارف جمع کیا ہے تعارف میں سب سے پہلے کتاب کانام ، مصنف کا نام تعداد صفحات، سن اشاعت اور کس زبان میں لکھی گئی کو پیش کرنے کے بعد کتاب کا مختصر تعارف سپرد قلم کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے ۔آمین
عناوین | صفحہ نمبر |
ختم نبوت | 57 |
حیات عیسیٰ | 85 |
کذب قادیانی | 109 |
مرزائیت کےخلاف فتوی جات | 281 |
مرزائیوں کےخلاف مناظرہ ومباہلہ | 299 |
مرزائیوں کاقانونی احتساب | 333 |
مرزائیت اپنےکریکڑوکردار کےآئینہ میں | 395 |
متفرقات | 407 |
مصنفین اوران کی تصنیفات | 411 |