لائبریری کا فروغ مواد اور تقاضے
مصنف : اقرار حسین شیخ
صفحات: 234
لائبریری کا فروغ ایک انتہائی اہم اور حساس موضوع ہےجو کتب خانوں کے نظم ونسق اور خدمات میں کلیدی کردار کا حامل رہا ہے۔ در حقیقت یہی مواد کتب خانہ ہی تو ہے جو کتب خانوں کی روح رواں ہے اور جس کے دم سے کتب خانے قائم ودائم ہیں۔ کتب خانوں میں نئے مواد کی آمد‘ موجودہ مواد میں رد وبدل اور کم مستعمل مواد کا خروج لازمی امر ہے۔ جن سے کتب خانے صحیح معنوں میں پروان چڑھتے ہیں۔ لائبریری کا فروغ جیسے اہم موضوع پر ایسا نہیں کہ بالکل نہ لکھا گیا ہو۔ انگریزی زبان میں اس موضوع پر کئی کتب ومضامین موجود ہیں۔ ہمارے ہاں پاکستانی رسائل میں بھی کہیں اِکا دُکا مضامین نظر آتے ہیں لیکن ان میں عصر جدید سے ہم آہنگی کا فقدان ہے۔ ہمارے نصاب اور کتب خانوں کے استعمال میں جس سرعت سے تبدیلی آرہی ہے اس نسبت سے اس اہم موضوع کا احاطہ کرنے کی بہت ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔زیرِ تبصرہ کتاب اس موضوع کی کمی پوری کرنے کے لیے تصنیف کی گئی ہے اور مصنف نے اس نازک موضوع پر طبع آزمائی کی ہے اور انتہائی نفاست وبلاغت سے دور جدید کے نصاب اور تقاضوں کےمطابق مختلف اہم ذیلی عنوانات پر سیر حاصل بحث کی ہے۔ گذشتہ کل اور آج کے عصرِ جدید کے تقاضوں کے مطابق ان اہم عنوانات کو خود کاریت اور تکنیکی زاویوں سے پیش کرنا ان کی مہارت اور مضمون پر دسترس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کتاب ک مطالعے سے کتب خانوں کے نظم ونسق‘ مواد میں اضافہ‘ وسعت اشتراک اور خروج بذریعہ کمپیوٹر کے بارے میں اہم نکات سے آگاہی ہوگی۔۔ کتاب کا اسلوب نہایت عمدہ‘سادہ اور عام فہم ہے۔ یہ کتاب’’ لائبریری کا فروغ مواد اور تقاضے ‘‘ اقرارحسین شیخ کی تصنیف کردہ ہے۔آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی درجنوں کتب اور بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)
عناوین | صفحہ نمبر |
پیش لفظ | 9 |
تعارف | 11 |
عرض ناشر | 15 |
لائبریری مواد | 17 |
فروغ لائبریری مواد | 43 |
انٹرنیٹ اورفروغ مواد | 67 |
حصول مواد | 90 |
کتب کاحصول | 108 |
سلسلہ وارمطبوعات کاحصول | 115 |
خصوصی ذخیرہ مواد کاحصول | 125 |
بائیکروفارمزکاحصول | 134 |
خودکارحصول مواد | 145 |
انتخاب مواد | 150 |
مختلف کتب خانوں میں انتخاب کتب | 160 |
لائبریری وسائل میں شراکت | 172 |
نیٹ ورکنگ کےذریعےوسائل میں شراکت | 189 |
لائبریری سےفالتوں موادکااخراج | 211 |
کتابیات وحوالہ جات | 219 |
اشاریہ | 223 |