خطبات خطیب (فیضان اشرف)
خطبات خطیب (فیضان اشرف)
مصنف : حافظ فیضان اشرف
صفحات: 501
دعوت و تبلیغ، اصلاح و ارشاد انبیائی مشن ہے۔ اس کے ذریعہ بندگان اٖلہ کی صحیح رہنمائی ہوتی ہے صحیح عقیدہ کی معرفت اور باطل عقائد و خیالات کی بیخ کنی ہوتی ہے۔ شریعت اور اس کے مسائل سے آگاہی اور رسوم جاہلیت نیز اوہام و خرافات کی جڑیں کٹتی ہیں۔ دعوت و تبلیغ، اصلاح و ارشاد کے بہت سے وسائل و اسالیب ہیں انہیں میں سے ایک مؤثر ذریعہ دروس وخطابت کا ہے۔ خطابت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ، خاص استعداد و صلاحیت کا نام ہے جس کےذریعے ایک مبلغ اپنے مافی الضمیر کے اظہار، اپنے جذبات و احساسات دوسروں تک منتقل کرنے اور عوام الناس کو اپنے افکار ونظریات کا قائل بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ بلاشک وشبہ قدرتِ بیان ایسی نعمت جلیلہ اور ہدیۂ عظمیٰ ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کوعطا فرماتا ہے اور خطابت وبیان کے ذریعے انسان قیادت و صدارت کی بلندیوں کو حاصل کرتا ہے ۔ جوخطیب کتاب و سنت کے دلائل وبراہین سے مزین خطاب کرتا ہے اس کی بات میں وزن ہوتا ہے جس کاسامعین کے روح وقلب پر اثر پڑتا ہے۔ اور خطبۂ جمعہ کوئی عام درس یا تقریر نہیں بلکہ ایک انتہائی اہم نصیحت ہے جسے شریعتِ اسلامیہ میں فرض قرار دیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہےکہ اس میں بہت سارے وہ لوگ بھی شریک ہوتے ہیں جو عام کسی درس وتقریر وغیرہ میں شرکت نہیں کرتے۔ اس لیے خطبا حضرات کے لیے ضروری ہے کہ وہ خطبات میں انتہائی اہم مضامین پر گفتگو فرمائیں جن میں عقائد کی اصلاح، عبادات کی ترغیب، اخلاقِ حسنہ کی تربیت، معاملات میں درستگی، آخرت کا فکر اورتزکیۂ نفس ہو۔ زیرتبصرہ کتاب ’’خطبات خطیب‘‘ انڈیا کے ایک ابھرتے ہوئے نو جوان سلفی عالم جناب حافظ فیضان اشرف کی تصنیف ہے۔ بظاہر یہ تقاریر و خطبات کی کتاب ہے لیکن مؤلف نے صحیح احادیث کی روشنی میں جدید ومؤثر انداز اور عمدہ اسلوب میں ایسے موضوعات پر مواد اکٹھا کردیا ہے جس کی ضرورت خطباء، علماء، دعاۃ اور طلباء سب کو ہے۔ مصنف موصوف کی خطبات کے حوالے سے اس کتاب کے علاوہ ہدیہ خطیب، بیان الخطیب، طالبات کی دلنشیں تقریریں اور ان من البیان لسحرا بھی شائع ہو کر منظر عام پر آچکی ہیں۔ یہ کتاب 34 مختلف موضوعات پر مشتمل علماء، خطباء، طلباء، دعاۃ اور مبلغین کے لیے نادر تحفہ ہے۔
عناوین | صفحہ نمبر |
تاثرات | 5 |
مقدمہ | 15 |
خطباء سے چند باتیں | 21 |
خطبۂ حاجہ اور اس کی شرعی حیثیت | 44 |
جمعہ کے احکام و مسائل | 48 |
علم کی اہمیت | 77 |
نماز کی اہمیت | 92 |
قرآن مجید کے حقوق | 107 |
قرآن خوانی اور ایصال ثواب | 123 |
خوف الٰہی | 136 |
توبہ کی فضیلت | 150 |
جنات کے بارے میں ہمارا عقیدہ | 164ٍ |
نظر بد اور اس کا علاج | 181 |
وسوسہ ، اسباب و علاج | 195 |
خواب کی حقیقت او اس کی اقسام | 210 |
شیطان سے بچنے کے طریقے | 227 |
حقوق العباد (بندوں کے حقوق) | 242 |
بیوی کے حقوق | 258 |
بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار | 274 |
اسلام امن و شانتی کا پیامبر ہے | 287ٍ |
صبر اور اس کے فضائل | 301 |
آداب دعا | 314 |
حرام چیزیں | 328 |
قیامت کی نشانیاں | 345 |
منگنی کی شرعی حیثیت | 359 |
لڑکیوں کی بغاوت کے اسباب | 372 |
ولی کے بغیر نکاح | 386 |
ماہ محرم اور اس کی بدعات | 401 |
عید میلاد البنی ﷺ | 416 |
شب براءت کی حقیقت | 430 |
رمضان المبارک کے فضائل و خصائص | 445 |
عشرۂ ذی الحجہ اور قربانی کے احکام و مسائل | 461 |
حج اور عمرہ کیسے کریں؟ | 476 |
سورج اور چاند گرہن | 487 |