اسلام کا معاشی نظام ( ڈاکٹر اسرار احمد )
اسلام کا معاشی نظام ( ڈاکٹر اسرار احمد )
مصنف : ڈاکٹر اسرار احمد
صفحات: 81
اسلامی معاشیات ایک ایسا مضمون ہے جس میں معاشیات کے اصولوں اور نظریات کا اسلامی نقطہ نظر سے مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ ایک اسلامی معاشرہ میں معیشت کس طرح چل سکتی ہے۔ موجودہ زمانے میں اس مضمون کے بنیادی موضوعات میں یہ بات شامل ہے کہ موجودہ معاشی قوتوں اور اداروں کو اسلامی اصولوں کے مطابق کس طرح چلایا جا سکتا ہے ۔ اسلامی معیشت کے بنیادی ستونوں میں زکوٰۃ، خمس، جزیہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس میں یہ تصور بھی موجود ہے کہ اگر صارف یا پیداکاراسلامی ذہن رکھتے ہوں تو ان کا بنیادی مقصد صرف اس دنیا میں منافع کمانا نہیں ہوگا بلکہ وہ اپنے فیصلوں اور رویوں میں آخرت کو بھی مدنظر رکھیں گے۔ اس سے صارف اور پیداکار کا رویہ ایک مادی مغربی معاشرہ کے رویوں سے مختلف ہوگا اور معاشی امکانات کے مختلف نتائج برآمد ہوں گے۔ اسلامی مالیات اور کاروبار کے بنیادی اصول قرآن وسنت میں بیان کردیے گئے ہیں۔ اور قرآن وحدیث کی روشنی میں علمائے امت نے اجتماعی کاوشوں سے جو حل تجویز کیے ہیں وہ سب کے لیے قابل قبول ہونے چاہئیں۔کیونکہ قرآن کریم اور سنت رسول ﷺ کے بنیادی مآخذ کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات میں اختلافی مسائل کےحوالے سے علماء وفقہاء کی اجتماعی سوچ ہی جدید دور کے نت نئے مسائل سے عہدہ برآہونے کے لیے ایک کامیاب کلید فراہم کرسکتی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب’’اسلام کا معاشی نظام اور اسلامی ریاست کا نظام محاصل‘‘ تنظم اسلامی پاکستان کے بانی جناب ڈاکٹر اسراراحمد کی اسلام کے معاشی نظام پر کی گئی زرعی یونیورسٹی ،فیصل آبا،اور محکمہ محنت پنجاب کے زیر اہتمام مل مالک اور مزدور لیڈروں کےایک مشترک اجتماع میں کئی گئی دو تقریروں کی کتابی صورت ہے جسے انہوں نےسامعین کےاصرار پر شائع کیا اور اس میں انہو ں اسلام کا نظام محاصل کےعنوان اپناایک مقالہ بھی شامل کیا ہے۔