عمدۃ المبانی فی اصلاح عدۃ من ابیات حرز الامانی
مصنف : قاری فتح محمد پانی پتی
صفحات: 128
قرآن مجید کتب سماویہ میں سے آخری کتاب ہے ۔ للہ تعالیٰ نے امت کی آسانی کی غرض سے قرآن مجید کو سات حروف پر نازل فرمایا ہے۔ یہ تمام کے تمام ساتوں حروف عین قرآن اور منزل من اللہ ہیں۔ان تمام پرایمان لانا ضروری اور واجب ہے،اوران کا انکار کرنا کفر اور قرآن کا انکار ہے۔اس وقت دنیا بھر میں سبعہ احرف پر مبنی دس قراءات اور بیس روایات پڑھی اور پڑھائی جارہی ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی زندگی میں صحابہ کرام کے سامنے قرآن مجید کی مکمل تشریح وتفسیر اپنی عملی زندگی، اقوال وافعال اور اعمال کے ذریعے پیش فرمائی اور صحابہ کرام کو مختلف قراءات میں اسے پڑھنا بھی سکھایا۔ صحابہ کرام اور ان کے بعد آئمہ فن اور قراء نے ان قراءات کو آگے منتقل کیا۔ کتب احادیث میں احادیث کی طرح مختلف کی قراءات کی اسناد بھی موجود ہیں۔ بے شمار اہل علم اور قراء نے علوم قراءات کے موضو ع پرسینکڑوں کتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری وساری ہے ۔شاطبیہ امام شاطبی کی قراءات سبعہ میں اہم ترین اساسی اور نصابی کتاب ہے ۔ یہ کتاب قراءات سبعہ کی تدریس کے لئے ایک مصدر کے حیثیت رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے بے پناہ مقبولیت سے نوازا ہے۔بڑے بڑے مشائخ اور علماء نے اس قصیدہ کی تشریح کو اپنے لیے اعزاز سمجھا۔ شاطبیہ کے شارحین کی طویل فہرست ہے ۔ زیر نظر کتاب ’’ عمدۃ المبانی فی اصلاح عدۃ من ابیات حرز الامانی‘‘ قاری فتح محمد بن محمد اسماعیل پانی پتی کی تالیف ہے ۔فاضل مصنف نے اس رسالہ میں شاطبیہ کےان اشعار کو جمع کیا ہے جن میں شارحین نے کسی قید کی کمی یا اجمال رہ جانے یا عبارت میں اولیت پیدا نہ ہونے کی بنا پر اصلاح کی ہے ۔مصنف نے جن اشعار کی اصلاح کی ہے ان کی تعداد بھی درج کردی ہے ایسے اشعار کی تعداد 433 ہے ۔