تجلیات قرآن کے چند عجائبات
مصنف : بیگم اسحاق امتہ
صفحات: 198
قرآن مجید، فرقان حمید اللہ رب العزت کی با برکت کتاب ہے۔ یہ رمضان المبارک کے مہینے میں لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر نازل فرمائی گئی۔ پھر اسے تئیس سالوں کے عرصہ میں نبیﷺ پر اتارا گیا۔ قرآن مجید ہماری زندگی کا سرمایہ اور ضابطہ ہے۔ یہ جس راستے کی طرف ہماری رہنمائی کرے ہمیں اُسی راہ پر چلتے رہنا چاہیے۔ کیونکہ قرآن مجید ہماری دونوں زندگیوں کی بہترین عکاس کتاب ہے۔ لہٰذا یہ قرآن ہمیں رہنمائی کرتے ہوئے کہتا ہے کہ مجھ پر عمل پیرا ہونے سے تم فلاح پاؤ گے، عزت و منزلت اور وقار حاصل کرو گےاور مجھ سے دوری کا نتیجہ اخروی نعمتوں سے محرومی، ابدی نکامی اور بد بختی کے سوا کچھ نہیں۔قرآن و حدیث کا اسلوب ہر اعتبار سے خاص، ممتاز اور منفرد ہے۔ کسی ادیب، مؤرخ یا سیرت نگار نے کوئی واقعہ بیان کرنا ہو تو وہ مربوط انداز میں وقت، جگہ اور شخصیات کا تذکرہ کرے گا۔ لیکن قرآن مجید کا اسلوب بیان بالکل نرالا ہے اور اس کا مقصد نہایت اعلیٰ و ارفع ہوتا ہے۔ قرآن مجید میں جس قدر داستانیں بیان کی گئی ہیں، ان میں اخلاقی اور روحانی پہلو خاص طور پر پیش نظر ہوتا ہے۔ بلکہ ہر پہلو داستان کی جان ہوتا ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب ’’تجلیاتِ قرآن کے چند عجائبات‘‘ اَمتہ الکریم بیگم اسحاق اَمتہ کی تصنیف ہے۔ جس میں قرآن حکیم بعض نہایت اہم حصوّں اور عجیب و غریب اشاروں کو واضح کیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں ان اشاروں کو تشبیہ و تمثیل فرمایا گیا ہے جن آیات میں یہ اشارات یا تشبیہات ہیں، ان آیات کو اللہ تعالیٰ نے ’’متشابہات‘‘ فرمایا ہے۔ نیز احکام والی آیات کو بھی اجاگر کیا گیاہے۔کاش سب اصحاب اس کِتابچے کو پڑھ کر دیکھیں کہ عجائبات کے کتنے بے شمار خزانے ان آیات میں پوشیدہ ہیں۔ اس کتاب کے پیشِ نظر ایک بات یہ کہ قرآنی آیات کا عربی متن نہی لگایا ہے بلکہ حوالہ دیتے ہوئے کسی آیت کا مفہوم لکھا گیا ہے اور کسی کا خلاصہ۔ ہم اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں اس کتاب کو مسلمان مردوں اور عورتوں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔