سعودی عرب میں عدالتی تنظیم اسلامی شریعت اور عدالتی اقتدار کی روشنی میں
مصنف : ڈاکٹر سعود بن سعد آل دریب
صفحات: 346
کسی بھی قوم کی نشوونما اور تعمیر وترقی کےلیے عدل وانصاف ایک بنیادی ضرورت ہے ۔جس سے مظلوم کی نصرت ،ظالم کا قلع قمع اور جھگڑوں کا فیصلہ کیا جاتا ہے اورحقوق کو ان کےمستحقین تک پہنچایا جاتاہے اور دنگا فساد کرنے والوں کو سزائیں دی جاتی ہیں ۔تاکہ معاشرے کے ہرفرد کی جان ومال ،عزت وحرمت اور مال واولاد کی حفاظت کی جا سکے ۔ یہی وجہ ہے اسلام نے ’’قضا‘‘یعنی قیام عدل کاانتہا درجہ اہتمام کیا ہے۔اوراسے انبیاء کی سنت بتایا ہے۔اور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے لوگوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتےہوئے فرمایا:’’اے نبی کریم ! آپ لوگوں کےدرمیان اللہ کی نازل کردہ ہدایت کے مطابق فیصلہ کریں۔‘‘ نبی کریمﷺ کی حیات مبارکہ مسلمانوں کےلیے دین ودنیا کے تمام امور میں مرجع کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کی تنہا ذات میں حاکم،قائد،مربی،مرشد اور منصف اعلیٰ کی تمام خصوصیات جمع تھیں۔جو لوگ آپ کے فیصلے پر راضی نہیں ہوئے ا ن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں سنگین وعید نازل فرمائی اور اپنی ذات کی قسم کھا کر کہا کہ آپ کے فیصلے تسلیم نہ کرنے والوں کو اسلام سے خارج قرار دیا ہے۔نبی کریمﷺ کےبعد خلفاء راشدین سیاسی قیادت ،عسکری سپہ سالاری اور دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ منصف وقاضی کے مناصب پر بھی فائزر ہے اور خلفاءراشدین نےاپنے دور ِخلافت میں دور دراز شہروں میں متعدد قاضی بناکر بھیجے ۔ائمہ محدثین نےنبی ﷺ اور صحابہ کرام کے فیصلہ جات کو کتبِ احادیث میں نقل کیا ہے۔ عصر حاضر میں سعودی عرب کا نظام عدل بھی اسلامی شریعت کی تنفیذ وتطبیق کا قابل تقلید نمونہ اور مثالی مظہر سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ سے ا س کا امن وامان برقرار ہے اور وہ خوش حالی اور اطمینان وسکون کے اعتبار سے مرکزی مقام پر فائز ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ سعودی عرب میں عدالتی تنظیم اسلامی شریعت اور عدالتی اقتدار کی روشنی میں ‘‘ سعودی عدالت کے ایک فاضل استاذ کی عربی تصنیف’’ التنظم القضائی فی المملکۃ العربیۃ السعودیۃ فی ضوء الشریعۃ الاسلامیۃ ونظام السلطۃ القضائیۃ‘‘ کا اردو ترجمہ ہے ۔اس کتاب میں مصنف موصوف نے اسلامی شریعت کی انفرادیت اورعظمت اور اس کی تنفیذ کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب کی مخلصانہ وعادلانہ کدوکاوش اور لگن کی وضاحت کی ہے۔امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی کے علمی وتحقیقی ادارے نے اس کتاب کا اردو ترجمہ کرواکر اسے حسن طباعت سے آراستہ کیا ۔
عناوین | صفحہ نمبر | |
پیش لفظ | 5 | |
پیش لفظ از مترجم | 7 | |
مقدمہ از مصنف | 9 | |
تمہید | 14 | |
فہرست نا مکمل |