نماز مترجم مع ادعیہ مسنونہ

نماز مترجم مع ادعیہ مسنونہ

 

مصنف : سید داؤد غزنوی

 

صفحات: 48

 

نماز انتہائی اہم ترین فریضہ اور سلام کا   دوسرا رکن ِ عظیم ہے جوکہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ کلمہ توحید کے اقرار کےبعد سب سے پہلے جو فریضہ انسان پر عائد ہوتا ہے وہ نماز ہی ہے ۔اسی سے ایک مومن اور کافر میں تمیز ہوتی ہے۔ بے نماز ی کافر اور دائرۂ اسلام سے خارج ہے۔ قیامت کےدن اعمال میں سب سے پہلے نماز ہی سے متعلق سوال ہوگا۔ فرد ومعاشرہ کی اصلاح کے لیے نماز ازحد ضروری ہے۔ نماز فواحش ومنکرات سےانسان کو روکتی ہے ۔بچوں کی صحیح تربیت اسی وقت ممکن ہے جب ان کوبچپن ہی سےنماز کا پابند بنایا جائے ۔ قرآن وحدیث میں نماز کو بر وقت اور باجماعت اداکرنے کی بہت زیاد ہ تلقین کی گئی ہے ۔نماز کی ادائیگی اور اس کی اہمیت اور فضلیت اس قد ر اہم ہے کہ سفر وحضر اور میدان ِجنگ اور بیماری میں بھی نماز ادا کرنا ضروری ہے ۔نماز کی اہمیت وفضیلت کے متعلق بے شمار احادیث ذخیرۂ حدیث میں موجود ہیں او ر بیسیوں اہل علم نے مختلف انداز میں اس موضوع پر کتب تالیف کی ہیں۔ نماز کی ادائیگی کا طریقہ جاننا ہر مسلمان مرد وزن کےلیے ازحد ضروری ہے کیونکہ اللہ عزوجل کے ہاں وہی نماز قابل قبول ہوگی جو رسول اللہ ﷺ کے طریقے کے مطابق ادا کی جائے گی ۔او ر ہمارے لیے نبی اکرم ﷺکی ذات گرامی ہی اسوۂ حسنہ ہے۔ انہیں کے طریقے کےمطابق نماز ادا کی جائے گئی تو اللہ کے ہاں مقبول ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا صلو كما رأيتموني اصلي لہذا ہر مسلمان کےلیے رسول للہ ﷺ کے طریقۂ نماز کو جاننا بہت ضروری ہے۔جیساکہ اس بات میں شبہ نہیں کہ نماز ارکان ِاسلام سے ایک اہم ترین رکن خیر وبرکات سے معمور، موجب راحت واطمینان، باعثِ مسرت ولذات اور انسان کے گناہ دھوڈالنے، اس کے درجات بلند کرنے والی ایک بہترین عبادت ہے مگر یہ امر بھی واضح رہے کہ نمازی اس کی خیر وبرکات سے کما حقہ مستفید اور اس کی راحت ولذت سے پوری طرح لطف اندوز تبھی ہوسکتاہے جب وہ اس کے معانی ا ور مطالب سے واقف ہو۔اور اسی طرح نماز میں خشوع وخضوع اور اس کی خیر وبرکت ، لذت وراحت اس وقت تک حاصل نہیں ہوسکتی جب تک نماز میں پڑھے جانے والے کلمات کا ترجمہ اور مفہوم نہ آتا ہو کیونکہ جس شخص کو معلوم ہی نہ ہو کہ وہ اپنے خالقِ حقیقی سے کیا گفتگو کر رہا ہے او رکو ن سی درخواست پیش کر رہا ہے تو اس پر ان کلمات کا کیا اثر ہوگا۔ لیکن اس کے برعکس جو شخص نماز کا ترجمہ جانتا ہو او رہر کلمے کے مفہوم سے واقف ہو تو یقینا اس کے ظاہر وباطن کی وہی کیفیت ہو گی جس کا کلمات تقاضا کریں گے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’نما ز مترجم مع ادعیۃ مسنونہ‘‘ غزنوی خاندان کے عظیم عظیم سپوت مولانا سید داوؤد غزنوی﷫ کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے سات کلمات کلمۂ طیبہ،کلمۂ شہادت ،کلمۂ توحید، کلمۂ تمجید، کلمۂ رضا ، کلمۂ توکل، کلمۂ استفار کو باترجمہ بیان کرنے کے بعد اذان، اور مکمل نماز او رنماز کے بعد کی دعاوؤں کو ترجمہ کے ساتھ تحریرکیا ہے۔ اگرچہ اب جدید کتب ِنماز ان پرانی کتب سے زیادہ مفید ہیں کیونکہ ان میں پرانی کتب کی بہ نسبت تحقیق وتخریج کا اہمام موجودہے جو کہ قدیم کتب میں نہیں ہے۔ لیکن اکابرعلماء کی کتب کو محفوظ کرنے کی خاطر ان کو سکین کر کے افادۂ عام کےلیے پبلش کیا گیا ہے ۔

 

ڈاؤن لوڈ 1
ڈاؤن لوڈ 2
2.6 MB ڈاؤن لوڈ سائز

احادیثاسلاماصلاحاللہانسانتبصرہتحقیقترجمہتوحیدحدیثسفرشہادتعلمقرآنقیامتمسلماننماز
Comments (0)
Add Comment