نگارستان
مصنف : منصف خان سحاب
صفحات: 419
ہماری قومی زبان اردو اگرچہ ابھی تک ہمارے لسانی و گروہی تعصبات اور ارباب بست و کشاد کی کوتاہ نظری کے باعث صحیح معنوں میں سرکاری زبان کے درجے پر فائز نہیں ہو سکی لیکن یہ بات محققانہ طور پر ثابت ہے کہ اس وقت دنیا کی دوسری بڑی بولی جانے والی زبان ہے۔ ہر بڑی زبان کی طرح اس زبان میں بے شمار کتب حوالہ تیار ہو چکی ہیں اور اس کے علمی، تخلیقی اور تنقیدی و تحقیقی سرمائے کا بڑا حصہ بڑے اعتماد کے ساتھ عالمی ادب کے دوش بدوش رکھا جا سکتا ہے۔ ایسی زبان اس امر کی متقاضی ہے کہ اسے صحیح طور پر لکھا بولا جا سکے۔ کیونکہ کسی بھی زبان کی بنیادی اکائی اس کے اصول وقواعد ہیں ۔ زبان پہلے وضع ہوتی ہے اور قواعد بعد میں لیکن زبان سے پوری واقفیت حاصل کرنے کےلیے قواعد زبان سے آگاہی ضروری ہے۔اہل زبان نے قواعد کی ضرورت کبھی محسوس نہیں کیا اس لیے انہوں نے قواعد مرتب نہیں کیے ۔اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ اردو بولنے یا لکھنے والے پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد اپنی قومی زبان کی صحت کی طرف سے سخت غفلت برت رہی ہے۔سکولوں اورکالجوں کےلیے گرائمر کی متعدد کتابیں شائع ہوئیں ہیں جو کاروباری مقاصد کو سامنے رکھ کر تیار کی گئیں۔جن میں گرائمر برائے نام اور انشاپردازی کےلیے اِدھر اُدھر سے مواد اکٹھا کر کے ضخیم بنادیاگیا ہے۔جن میں کسی ترتیب کاخیال نہیں رکھا گیا۔ صرف اور نحو کوباہم گڈمڈ کردیاگیا ہے۔روزہ مرہ ،محاورہ، ضرب المثل اور مقولہ میں تمیز کےبغیر انہیں شامل کتاب کردیا گیا ہے ۔ان کتابوں میں صرف امتحانی ضروریات کا خیال رکھاگیا ہے لیکن ان سے لسانی تقاضے پورے نہیں ہوتے ۔اسی لیے اخبارات ورسائل میں جو مضامین شائع ہوتے ہیں ان میں بہت زیادہ غلطیاں پائی جاتی ہیں۔اس کی وجہ یہی ہےکہ قواعد سے عدم واقفیت ہے ۔ان ہی ضروریات کے پیش نظر جناب خان سحاب نے زیر نظر کتاب ’’ نگارستان‘‘ مرتب کی ہے ۔مصنف نےکتاب کوترتیب دیتےوقت کسی خاص درجہ کےطلباء کومدنظر نہیں رکھا بلکہ عام قارئین ،طلبا،اساتذہ، صحافی اور نئے لکھنے والے حضرات یکساں طور پر اس سے استفادہ کرسکتےہیں۔یہ کتاب دوحصوں پر مشتمل ہے حصہ اول میں قواعد زبان، علم صرف،علم نحو، علم بیان، علم بدیع کو آسان انداز میں بیان کیاگیاہے۔اور حصہ دوم میں متعلقات گرائمر،اردو ادب کی اصناف پر بحث کی ہے ۔اس کتاب کی تیاری میں جن کتب سے استفادہ کیا گیا ہے کتابیات کے عنوان سے یہ بھی شاملِ اشاعت ہے ۔قواعد زبان پر لکھی گئی کتابوں کےعلاوہ پی ایچ ڈی کےمقالوں سے بھی استفادہ کیاگیا ہے۔یہ کتاب اردو گرائمر پر ایک مکمل کتاب ہے ۔
عناوین | صفحہ نمبر | |
مقدمہ | 7 | |
حصہ اول | ||
باب اول علم صرف | 9 | |
باب دوم علم نحو | 117 | |
باب سوم علم بیان | 141 | |
باب چہارم علم بدیع | 159 | |
حصہ دوم | ||
باب پنجم متعلقات گرائمر | 189 | |
باب ششم متعلقات نگارش | 309 | |
باب ہفتم اضاف ادب | 339 | |
کتابیات | 403 |