مکتوبات بدیع الزمان سعید نورسی
مصنف : بدیع الزماں سید نورسی ترکی
صفحات: 573
خطوط لکھنے اورانہیں محفوظ رکھنے کاسلسلہ بہت قدیم ہے قرآن مجید میں حضرت سلیمان کا ملکہ سبا کو لکھے گئے خط کا تذکرہ موجود ہے کہ خط ملنے پر ملکہ سبا حضرت سلیمان کی خدمت میں حاضر ہوئی۔خطوط نگاری کا اصل سلسلہ اسلامی دور سے شروع ہوتا ہے خود نبیﷺ نے اس سلسلے کا آغاز فرمایا کہ جب آپ نے مختلف بادشاہوں اور قبائل کے سرداروں کو کو خطوط دعوتی خطوط ارسال فرمائے پھر اس کے بعد خلفائے راشدین نے بھی بہت سے لوگوں کے نام خطوط لکھے یہ خطوط شائع ہوچکے ہیں اور اہل علم اپنی تحریروں او رتقریروں میں ان کے حوالے دیتے ہیں ۔برصغیرکے مشاہیر اصحاب علم میں سے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ، سید ندیر حسین محدث دہلوی، سیرسید ،مولانا ابو الکلام آزاد، علامہ اقبال ، مولانا غلام رسول مہر اور دیگر بے شمار حضرات کے خطوط چھپے اور نہایت دلچسپی سے پڑ ھےجاتے۔ زیر نظر کتاب ’’ مکتوبات بدیع الزمان سعید نورسی‘‘ ترکی کی مشہور شخصیت علامہ بدیع الزمان سعید نورسی کے33 علمی مکاتیب کامجموعہ ہے یہ خطوط علامہ سعید نورسی کے کلیا ت ورسائل نور سے اخذ کے مرتب کیے گئے ہیں ان خطوط میں متفرق موضوعات زیر بحث آئے ہیں ۔ان میں اکثر ایسے مکاتیب ہیں جو علامہ سعید نورسی نے مختلف سوالات کے جواب میں لکھے ۔علامہ نورسی صوفیانہ افکار کے حامل تھے اس لیے ان خطوط میں بھی صوفیت موجود ہے ۔