جنازہ غائبانہ
مصنف : کرم الدین سلفی
صفحات: 97
موت کی یاد سے دنیوی زندگی کی بے ثباتی اور ناپائیداری کا احساس ہوتا ہے اور آخرت کی حقیقی زندگی کے لئے حسنِ عمل کا جذبہ اور رغبت پیدا ہوتی ہے۔ یادِ موت کا اہم ذریعہ زیارتِ قبور ہے۔ شہرِ خاموشاں میں جاکر ہی بدرجۂ اتم یہ احساس ہوتا ہے کہ موت کتنی بڑی حقیقت ہے جس کا مزہ ہر شخص چکھے گا۔ ابتدائے آفرینش سے آج تک یہ سلسلہ جاری ہے اور تا قیامت جاری رہے گا۔ جلیل القدر انبیاء ؑ مبعوث ہوئے اور باری باری موت کا مزہ چکھتے رہے۔ اسی طرح بزعمِ خویش خدائی کا دعویٰ کرنے والے بھی آئے، دارا و سکندر جیسے بادشاہ بھی گزرے لیکن موت کی آہنی گرفت سے کوئی بھی بچ نہ سکا۔ اگر اتنے نامور لوگوں کو بھی موت نے نہ چھوڑا تو ہم اور تم اس کے تصرف سے کیسے چھوٹ سکتے ہیں۔اسلام نے جہاں زندگی کے بارے میں احکام ومسائل بیان کئے ہیں وہیں موت کے احکام بھی بیان کر دئیے ہیں۔موت کے احکام میں سے کفن ودفن اور نماز جنازہ وغیرہ کے احکام بھی ہیں۔غائبانہ نماز جنازہ کے حوالے سے بعض لوگوں کی طرف سے اعتراضات اٹھائے جاتے رہے اور اسے غیر درست قرار دیا جاتا رہا۔ زیر تبصرہ کتاب ” الصلوۃ علی المیت الغائب یعنی جنازہ غائبانہ ” محترم جناب کرم الدین سلفی صاحب کی تصنیف ہے، جس میں انہوں نے دلائل کی روشنی میں یہ ثابت کیا ہے کہ غائبانہ نماز جنازہ شرعی طور پر نہ صرف صحیح اور درست ہے بلکہ نبی کریم ﷺ سے بھی ثابت ہے۔جب نبی کریم ﷺ کو حبشہ کے بادشاہ نجاشی کی وفات کی خبر ملی تو آپ ﷺ نے اس کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین
عناوین | صفحہ نمبر | |
جنازہ کیا ہے | 5 | |
کیفیت نماز جنازہ | 7 | |
دفن کے بعد دعا | 8 | |
خلاصہ | 8 | |
جنازہ غائبانہ کا ثبوت احادیث صحیحہ سے | 11 | |
ائمہ حدیث اور شراح حدیث | 12 | |
ستر شہداء احد کا مسجد نبوی ﷺ میں آٹھ سال بعد جنازہ غائبانہ | 13 | |
مسجد میں نماز جنازہ کا حاشیہ | 21 | |
نماز جنازہ غائبانہ کے منکرین کے عذر اور جوابات | 26 | |
آثار صحابہ ؓ | 49 | |
جنازہ غائبانہ پر تاریخی شہادت | 50 | |
ملا علی قاری حنفی | 93 | |
شیخ عبد الحق | 93 |