جامع الامثال
مصنف : ڈاکٹر سعید الرحمن بن نور حبیب
صفحات: 246
اللہ رب العزت کے بے شمار احسانات میں سے بڑا احسان یہ ہے کہ اس نے ہم میں سے ایک نبی کو منتخب فرمایا اور انہیں کامل واکمل اور جامع شریعت دے کر مبعوث فرمایا۔ نبیﷺ نے نہایت جامعیت کے ساتھ دینی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچانے کا حق ادا کر دیا۔ ان جامع تعلیمات کو دیکھتے ہوئے اور انہیں مد نظر رکھتے ہوئے بعض حضرات نے کہاوتیں اور ضرب الامثال جو کہ بظاہر مختصر مگر پر اثر الفاظ پر مشتمل ہوتے ہیں اور زبان وبیان میں نتائج اور اثرات کے لحاظ سے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں کو متعارف کروایا۔ زیر تبصرہ کتاب بھی خاص ضرب الامثال اور کہاوتوں پر مشتمل ہے۔ اس میں 2800 اُردو کہاوتیں وضرب الامثال(مع انگریزی متبادل) یکجا کر کے الف بائی ترتیب سے پیش کیے گئے ہیں۔ جا بجا چند فارسی کہاوتیں اور ضرب الامثال وبعض اردو روز مرے ومحاورات بھی اس کتاب کا حصہ بن گئی ہیں۔ کہاوتوں اور ضرب الامثال کے بعد علمی استفادہ کی خاطر کہاوت‘ ضرب المثل اور محاوہ کے مفہوم‘ باہمی ربط وفرق اور اہمیت وافادیت پر مختلف ماہرین فن کے چند منتخب مفید علمی وادبی مضامین ومقالات اور معلوماتی شذرات پیش کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب ’’ جامع الامثال ‘‘ ڈاکٹر سعید الرحمان بن نور حبیب کی عظیم کاوش ہے اور آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی اور کتب بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلف وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)