اسلامی ریاست ( ڈاکٹر حمید اللہ )
مصنف : ڈاکٹر محمد حمید اللہ
صفحات: 171
اسلام ایک کامل دین اور مکمل دستور حیات ہے اسلام جہاں انفرادی زندگی میں فردکی اصلاح پر زور دیتا ہے وہیں اجتماعی زندگی کے زرین اصول وضع کرتا ہے جوزندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کی راہ نمائی کرتا ہے اسلام کا نظامِ سیاست وحکمرانی موجودہ جمہوری نظام سے مختلف اوراس کے نقائص ومفاسد سے بالکلیہ پاک ہے اسلامی نظامِ حیات میں جہاں عبادت کی اہمیت ہے وہیں معاملات ومعاشرت اور اخلاقیات کو بھی اولین درجہ حاصل ہے، اسلام کا جس طرح اپنا نظامِ معیشت ہے اور اپنے اقتصادی اصول ہیں اسی طرح اسلام کا اپنا نظامِ سیاست وحکومت ہےاسلامی نظام میں ریاست اور دین مذہب اور سلطنت دونوں ساتھ ساتھ چلتے ہیں، دونوں ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں دونوں ایک دوسرے کے مددگار ہیں، دونوں کے تقاضے ایک دوسرے سے پورے ہوتے ہیں، چنانچہ ماوردی کہتے ہیں کہ جب دین کمزور پڑتا ہے تو حکومت بھی کمزور پڑ جاتی ہے اورجب دین کی پشت پناہ حکومت ختم ہوتی ہے تو دین بھی کمزور پڑ جاتا ہے، اس کے نشانات مٹنے لگتے ہیں۔اسلام نے اپنی پوری تاریخ میں ریاست کی اہمیت کوکبھی بھی نظر انداز نہیں کیا۔انبیاء کرام وقت کی اجتماعی قوت کواسلام کےتابع کرنے کی جدوجہد کرتے رہے۔ ان کی دعوت کا مرکزی تخیل ہی یہ تھا کہ اقتدار صرف اللہ تعالیٰ کےلیے خالص ہو جائے اور شرک اپنی ہر جلی اور خفی شکل میں ختم کردیا جائے ۔قرآن کےمطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت یوسف ،حضرت موسی، حضرت داؤد، اور نبی کریم ﷺ نے باقاعدہ اسلامی ریاست قائم بھی کی اور اسے معیاری شکل میں چلایا بھی۔اسلامی فکر میں دین اورسیاست کی دوری کاکوئی تصور نہیں پایا جاتا اور کا اسی کانتیجہ ہے کہ مسلمان ہمیشہ اپنی ریاست کواسلامی اصولوں پر قائم کرنے کی جدوجہد کرتے رہے۔ یہ جدوجہد ان کے دین وایمان کاتقاضہ ہے ۔قرآن پاک اور احادیث نبویہ میں جس طرح اخلاق اور حسنِ کردار کی تعلیمات موجود ہیں۔اسی طرح معاشرت،تمدن اور سیاست کے بارے میں واضح احکامات بھی موجود ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’اسلامی ریاست ‘‘ معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر محمد حمید اللہ کی تصنیف ہے اس کتاب میں مملکت کےنظم ونسق ، مالیاتی نظام ، قانون سازی عدالتی نظام، نظام تعلیم، تبلیغ اور بین الاقوامی قانون سے تعلق رکھنے والے متعدد مسائل پرعہد رسالت کےطرز عمل سے استشہاد کیا گیا ۔اس کتاب کے بعض مضامین مصنف موصوف کےبعض فی البدیہہ خطبات اور ان کےضمن میں اٹھنے والے فکر انگیز سوالوں کے عالمانہ جوابات پر مشمتل ہیں۔(آمین)
عناوین | صفحہ نمبر | |
تعارف | 7 | |
باب 1 مملکت اور نظم و نسق | 9 | |
باب 2 نظام مالیہ و تقویم | 34 | |
باب 3 نظام تشریع و عدلیہ | 60 | |
باب 4 دفاعی نظام اور غزوات | 77 | |
باب 5 نظام تعلیم اور سرپرستی علوم | 110 | |
باب 6 تبلیغ اسلام | 129 | |
باب 7 قانون بین الممالک | 148 |