اسماء اللہ عزوجل قرآن و حدیث کے مطابق جلد اول
مصنف : رشید اللہ یعقوب
صفحات: 263
اللہ کے اسماء وصفات پر ایمان لانا دین کے اصول میں سے ایک اہم اصل، اور بندے کے جنت میں داخل ہونے کے اسباب میں سے ایک سبب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بندوں کو اس بات کی ترغیب دی ہے کہ وہ اس کے اسمائے حسنیٰ اور صفاتِ علیا کے ذریعہ اس سے دعاومناجات کریں۔قرآن مجید میں ارشاد باری تعالی ہے کہ اللہ تعالی کے اچھے اچھے نام ہیں تم ان ناموں کے ساتھ اسے پکارو، اور نبی کریم ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ اللہ تعالی کے ننانوے نام ہیں جس نے ان ناموں کو یاد کیا وہ جنت میں داخل ہوگا۔اہل علم اللہ تعالی کے ان ناموں کی تقسیم کچھ یوں کرتے ہیں کہ ان میں لفظ اللہ تو ذاتی نام ہے جبکہ دیگر صفاتی نام ہیں۔اللہ تعالی کے ان صفاتی ناموں کے عجیب وغریب فضائل ومناقب اور اثرات ہیں جن کی تفصیل پر اس موضوع پر لکھی کتب میں دستیاب ہے۔علماء امت نے اس موضوع پر ابتداء ہی سے تصانیف کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔جن میں کچھ کتابیں روایات کے انداز پر لکھی گئی ہیں، کچھ میں ان کے لغوی معانی پر تحقیق کی گئی ہے تو کچھ میں ان اسماء مبارکہ کے اثرات پر کلام کی گئی ہے۔مجموعی طور پر ان کتابوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔اسی طرح تفاسیر واحادیث کی کتب میں جوابحاث موجود ہیں وہ ان کے علاوہ ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب “اسماء اللہ عزوجل ، قرآن وحدیث کے مطابق” محترم جناب رشید اللہ یعقوب صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے اللہ تعالی کے مبارک ناموں کی تفہیم وتشریح کی ہے ۔یہ کتاب دو ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے اور اپنے موضوع پر ایک شاندار کتاب ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائے۔آمین
عناوین | صفحہ نمبر |
تقریظ اول حضرت مولانا محمد عبید اللہ صاحب | 10 |
دوم حضرت ڈاکٹر مفتی نظام الدین شامزی | 12 |
عرض مؤلف | 15 |
باب اول قرآن مجید میں اسماء اللہ عزوجل کا ذکر | 31 |
باب دوم اسماء اللہ عزوجل پر احادیث نبوی | 41 |
باب سوم لفظ احصاہا و حفظہا کی تشریح | 55 |
باب چہارم تفصیل احادیث جن میں اسماء اللہ عزوجل کا ذکر ہے | 67 |
باب پنجم کیا اللہ تعالیٰ کے صرف 99 نام ہیں ؟ | 109 |
باب ششم اسم اعظم | 121 |
باب ہفتم قرآن کریم و احادیث سے ماخوذ اسماء اللہ عزوجل | 143 |
باب ہشتم قرآن کریم سے ماخوذ اسماء اللہ عزوجل | 213 |
فہرست کتب و حوالہ جات | 246 |